استاد راؤ دانش ہلاک
حملہ آور کی دھمکی، کیمپس میں خوف و ہراس
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کیمپس میں بدھ کی شب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک استاد جاں بحق ہو گئے، جس سے طلبہ اور عملے میں شدید خوف پھیل گیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت راؤ دانش کے طور پر ہوئی ہے، جو اے بی کے یونین ہائی اسکول، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تدریسی فرائض انجام دے رہے تھے۔ واقعہ رات تقریباً 9 بجے لائبریری کینٹین کے قریب پیش آیا۔
عینی اطلاعات کے مطابق راؤ دانش اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار حملہ آور آئے اور فائرنگ کر دی۔ الزام ہے کہ فائرنگ سے قبل ایک حملہ آور نے کہا تھا: ’’ دانش، اب تم مجھے پہچان لوگے ۔‘‘ انہیں سر میں دو گولیاں لگیں اور شدید زخمی حالت میں جے این میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں پولیس تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔ اے ایم یو کے پروکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔





Leave a Reply