ابوظبی کے قلب میں قائم زاید نیشنل میوزیم اتوار کے روز اس ملاقات کا گواہ بنا جسے متحدہ عرب امارات اور فرانس کے تعلقات میں ایک نئے موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے تاریخی اور سٹریٹیجک تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
گفتگو کے اہم نکات میں معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت، قابل تجدید توانائی، مستقبل کی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور پائیداری کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد اور عوامی فلاح کے مشترکہ وژن کو سراہتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید، اماراتی وزرا اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی جبکہ فرانسیسی وفد میں وزرا اور سینیئر عہدیداران شامل تھے۔ اجلاس کے بعد صدر ایمانویل میکرون نے شیخ محمد بن زاید کے ہمراہ زاید نیشنل میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور خصوصی طور پر بانیِ امارات شیخ زاید بن سلطان آل نہیان گیلری کا مشاہدہ کیا۔
خطے کے بدلتے ہوئے سیاسی پس منظر میں یہ ملاقات نہ صرف دو ریاستوں کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی کا پیغام دیتی ہے، بلکہ مستقبل کے عالمی سیاسی، معاشی اور ثقافتی تعاون کا دروازہ بھی کھولتی ہے۔





Leave a Reply