خالی کرسیاں، بکھری صفیں اور منتشر امت – Alif News الف نیوز : مدیرِ اعلٰی: سیّد اکبر زاہد

خالی کرسیاں، بکھری صفیں اور منتشر امت

خالی کرسیاں، بکھری صفیں اور منتشر امت

خصوصی مضمون

سیّد اکبر زاہد

جب مسجد کی صفوں میں اتحاد نہیں تو زندگی کی صفوں میں اتحاد کیسے پیدا ہوگا؟

مسجد صرف عبادت کی جگہ نہیں، یہ مسلمانوں کے اجتماعی شعور، نظم و ضبط، مساوات اور اتحاد کی تربیت گاہ بھی ہے۔ یہاں امیر و غریب، حاکم و محکوم، عالم و عامی، سب ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔ کسی کا مرتبہ بلند نہیں، کسی کی حیثیت کم نہیں۔ سب کے قدم ایک سمت، سب کے چہرے ایک قبلے کی طرف اور سب کے دل ایک معبود کے حضور جھکے ہوتے ہیں۔ کم از کم نماز کا یہ منظر ہمیں یہی سبق دیتا ہے کہ ایک امت ہونے کا تقاضا کیا ہے۔ لیکن افسوس کہ کبھی کبھی مسجد کے اندر ہی ہمارے اجتماعی شعور کی ایسی تصویر دکھائی دیتی ہے جو دل کو رنجیدہ اور ضمیر کو بے چین کردیتی ہے۔

مساجد میں بزرگوں، معذوروں اور ان حضرات کے لیے کرسیاں رکھی جاتی ہیں جو کسی جسمانی عذر کے باعث کھڑے ہوکر نماز ادا نہیں کرسکتے۔ یہ ایک قابلِ قدر سہولت ہے اور بزرگوں کے احترام و آسانی کا مظہر بھی۔ ان کرسیوں کو صفوں کی ترتیب کے مطابق اس طرح رکھا جاتا ہے کہ پہلے آنے والا نمازی درمیان کی کرسی پر بیٹھے اور اس کے بعد آنے والے حضرات دائیں اور بائیں جانب بیٹھتے ہوئے صف کو مکمل کرتے جائیں۔ اس ترتیب میں ایک فطری نظم بھی ہے اور صف بندی کا حسن بھی۔ مگر عملاً صورتِ حال اکثر اس کے بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے۔

پہلا نمازی آتا ہے تو درمیان کی کرسی پر بیٹھنے کے بجائے کسی ایک کونے کی کرسی منتخب کرلیتا ہے، جہاں اس کے اوپر پنکھا چل رہا ہوتا ہے۔ دوسرا نمازی آتا ہے تو وہ بھی دوسرے کونے کی پنکھے والی کرسی پر اپنا حق جتاتے ہوئے بیٹھ جاتا ہے۔ درمیان کی کرسیاں خالی رہ جاتی ہیں۔ پھر تیسرا آتا ہے، چوتھا آتا ہے، لیکن صف بندی کا شعور بیدار نہیں ہوتا۔ یہی منظر دوسری اور تیسری صف میں بھی دہرایا جاتا ہے۔ یوں بظاہر کرسیاں موجود ہوتی ہیں، نمازی بھی موجود ہوتے ہیں، لیکن صف اپنی اصل ترتیب سے محروم رہتی ہے۔

پھر اقامت کی آواز بلند ہوتی ہے۔ امام نماز شروع کرنے کے لیے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ صفیں قائم ہونے کا وقت آجاتا ہے، مگر دونوں کناروں پر بیٹھے حضرات اپنی اپنی جگہ سے ہلنے کو تیار نہیں ہوتے۔ درمیان کی کرسیاں خالی پڑی رہتی ہیں۔ کسی کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ اس کی انفرادی پسند اجتماعی نظم میں خلل ڈال رہی ہے۔ پنکھے کی ٹھنڈی ہوا شاید جسم کو راحت پہنچا رہی ہوتی ہے، لیکن اس بے ترتیبی سے امت کے اجتماعی شعور میں جو سرد مہری پیدا ہوتی ہے، اس کا احساس کسی کو نہیں ہوتا۔

یہ محض چند کرسیوں کی جگہ کا مسئلہ نہیں، یہ ہماری اجتماعی نفسیات کا ایک چھوٹا مگر معنی خیز عکس ہے۔ ہم اپنی سہولت کو اجتماعی ضرورت پر ترجیح دینے کے اس قدر عادی ہوچکے ہیں کہ ہمیں اپنے معمولی سے طرزِ عمل میں بھی اجتماعی نقصان دکھائی نہیں دیتا۔ ہم چاہتے ہیں کہ دوسرا ہماری رعایت کرے، دوسرا ہماری جگہ چھوڑے، دوسرا ہمارے لیے قربانی دے، لیکن جب خود اپنی باری آتی ہے تو ہماری انفرادی پسند اور ذاتی آسائش ہمارے اجتماعی فرض پر غالب آجاتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ جس امت کے افراد مسجد میں چند کرسیوں کی ترتیب پر اتفاق نہیں کرسکتے، وہ زندگی کے بڑے مسائل میں کس طرح متحد ہوں گے؟ جس معاشرے میں ایک صف کو مکمل کرنے کے لیے بھی دوسروں کی جگہ کا خیال نہیں رکھا جاتا، وہاں قومی، سماجی اور ملی معاملات میں قربانی، ایثار اور اجتماعیت کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے؟

قرآن مجید نے مسلمانوں کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے اور تفرقے سے بچنے کی تلقین کی ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے صفوں کو درست رکھنے، ان میں خلل نہ چھوڑنے اور نمازیوں کے درمیان نظم و ہم آہنگی قائم رکھنے کی تعلیم دی۔ صفوں کی درستی کو نماز کے آداب میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ یہ محض جسموں کو ایک سیدھ میں کھڑا کرنے کا نام نہیں، بلکہ دلوں کے درمیان قربت، نظم اور باہمی احساس پیدا کرنے کا ایک عملی درس بھی ہے۔

ہم نماز میں کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملانے کی بات تو کرتے ہیں، لیکن کیا کبھی اپنے طرزِ عمل پر غور کرتے ہیں؟ کیا ہمارے دل بھی ایک دوسرے کے قریب ہیں؟ کیا ہماری ترجیحات میں اجتماعی مفاد کو وہی اہمیت حاصل ہے جس کا اظہار ہم نماز کی صف میں کرتے ہیں؟ کیا ہم اپنی ذات کے چھوٹے چھوٹے حصار سے نکل کر ملت کے وسیع تر مفاد کے لیے جگہ بنانے کو تیار ہیں؟

ہماری اجتماعی زندگی کا المیہ بھی یہی ہے۔ ہم مسلک، مکتبِ فکر، زبان، علاقہ، ذات، جماعت اور گروہ کے نام پر اپنی اپنی الگ صفیں بنا لیتے ہیں۔ کوئی اپنی جگہ چھوڑنے کو تیار نہیں، کوئی دوسرے کو اپنے برابر کھڑا دیکھنا پسند نہیں کرتا، کوئی قیادت کا دعوے دار ہے تو کوئی اپنی انفرادیت کا اسیر۔ نتیجہ یہ ہے کہ ہماری قوت منتشر، ہماری آواز منقسم اور ہماری اجتماعی جدوجہد کمزور پڑجاتی ہے۔ ہماری صفوں میں پیدا ہونے والے یہی شگاف زندگی کے میدانوں میں بھی نمایاں ہوجاتے ہیں۔

جب ہم اپنے اندر اتحاد، نظم اور اجتماعی ذمہ داری پیدا نہیں کرتے تو بیرونی قوتوں کے لیے ہمیں کمزور کرنا آسان ہوجاتا ہے۔ جو قوم اندر سے منتشر ہو، اسے باہر سے مغلوب کرنے کے لیے بہت زیادہ قوت درکار نہیں ہوتی۔ اس کی کمزوری اس کی اپنی صفوں میں موجود ہوتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہم بار بار اپنے اجتماعی وجود کو خطرات میں گھرا ہوا دیکھتے ہیں، ہماری آوازیں بے اثر ہوجاتی ہیں اور ہمارے مسائل کا حل دوسروں کی ترجیحات کے تابع ہوجاتا ہے۔

یہاں ایک بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ بزرگوں کے لیے پنکھے کے نیچے بیٹھنا یا کسی مناسب جگہ کا انتخاب کرنا بذاتِ خود کوئی قابلِ اعتراض بات نہیں۔ بیماری، عمر، جسمانی تکلیف اور دیگر ضروریات کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ اصل مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب سہولت کے ساتھ اجتماعی نظم کا خیال نہ رکھا جائے، جب درمیان کی خالی جگہیں صف بندی میں خلل کا سبب بنیں اور جب معمولی سی ترتیب درست کرنے کی گنجائش ہونے کے باوجود ہم اپنی جگہ سے ہٹنے کو آمادہ نہ ہوں۔ مسجد کا نظم ایسا ہونا چاہیے کہ بزرگوں کی سہولت بھی برقرار رہے اور صفوں کی ترتیب بھی متاثر نہ ہو۔ ائمہ، مؤذنین اور مسجد انتظامیہ اس سلسلے میں مناسب رہنمائی اور کرسیوں کی درست ترتیب کا اہتمام کرسکتے ہیں۔

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ اتحاد بڑے بڑے نعروں سے پیدا نہیں ہوتا۔ اس کی ابتدا چھوٹے چھوٹے اعمال سے ہوتی ہے۔ دوسروں کے لیے جگہ چھوڑنے سے، اپنی سہولت میں معمولی کمی برداشت کرنے سے، اجتماعی نظم کا احترام کرنے سے اور اپنی ذات کو اجتماعیت کے تابع کرنے سے ہوتی ہے۔ جو شخص مسجد میں ایک کرسی کی جگہ کے لیے اپنے اصرار کو قربان نہیں کرسکتا، اس کے لیے زندگی کے بڑے امتحانات میں ایثار کا مظاہرہ کرنا کس قدر دشوار ہوگا!

آئیے، کبھی مسجد کی ان خالی کرسیوں کو بھی غور سے دیکھیے۔ شاید وہ محض خالی کرسیاں نہیں، ہمارے اجتماعی شعور کے خالی گوشوں کی علامت ہیں۔ ان کے درمیان موجود فاصلہ صرف چند فٹ کا نہیں، بلکہ ہماری سوچ، ہماری ترجیحات اور ہمارے اجتماعی رویوں کا فاصلہ بھی ہے۔ ہمیں یہ فاصلہ مٹانا ہوگا۔

ہمیں اپنی صفیں درست کرنی ہوں گی، اپنے دلوں کو جوڑنا ہوگا، اپنی انفرادی پسند کو اجتماعی ضرورت کے تابع کرنا ہوگا۔ کیونکہ اتحاد کا آغاز کسی جلسے، کانفرنس، قرارداد یا نعرے سے نہیں، بلکہ اسی لمحے سے ہوتا ہے جب انسان اپنے لیے مخصوص سمجھی جانے والی جگہ سے تھوڑا سا پیچھے ہٹ کر دوسرے کے لیے جگہ بناتا ہے۔

یاد رکھیے! جس امت کی مسجدوں میں صفیں مکمل نہیں ہوتیں، اس کی زندگی کے میدانوں میں اتحاد کی عمارت کیسے مکمل ہوگی؟ اور جس قوم کے افراد چند خالی کرسیوں کے درمیان پیدا ہونے والے فاصلے کو ختم نہیں کرسکتے، وہ اپنے اور اپنے دشمنوں کے درمیان حائل بڑے بڑے فاصلوں کو کیسے پاٹیں گے؟

شاید اب وقت آگیا ہے کہ ہم صرف اپنی نمازوں کی درستی پر نہیں، اپنی صفوں کی درستی پر بھی توجہ دیں۔ کیونکہ صفوں کا سیدھا ہونا صرف نماز کا حسن نہیں، ایک مہذب، منظم اور متحد امت کی پہچان بھی ہے۔

Akbar Zahid

Publisher and Editor in Chief for Alif News Bilingual Online Daily News Paper

SUBSCRIBE US

It is a long established fact that a reader will be distracted by the readable content of a page when looking at its layout. The point of using Lorem Ipsum is that it has a more-or-less normal distribution

Copyright BlazeThemes. 2023